ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رام مندر کیلئے چندہ جمع کرنے کا مقصد سماج کو تقسیم کرنا ہے۔ ایس ڈی پی آئی

رام مندر کیلئے چندہ جمع کرنے کا مقصد سماج کو تقسیم کرنا ہے۔ ایس ڈی پی آئی

Tue, 19 Jan 2021 19:01:19    S.O. News Service

نئی دہلی 19 جنوری (پریس ریلیز/ایس او نیوز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ا یس ڈی پی آئی) کے قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کہا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے سری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے ذریعے ملک بھر میں فنڈ اکھٹا کرنے کی مہم جاری ہے، لیکن یہ چندہ مہم سنگھ پریوار فاشسٹوں کیلئے مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے اور دھمکانے اور فرقہ وارانہ طور پر تقسیم کوتیز کرنے اور اس سے سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے ایک اور آلہ ثابت ہوئی ہے۔

الیاس محمد نے کہا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کیلئے پہلے بھی کروڑوں روپئے اور سونا جمع کیا گیا تھا مگر  موجودہ مہم ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کیلئے ایک گندی مہم ہے۔ مدھیہ پردیش کی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  حال ہی میں مدھیہ پردیش میں بھگوا بریگیڈ کے غنڈوں نے فنڈ جمع کرنے کیلئے موٹر سائیکل ریلیوں میں حصہ لیا تھا اور ریلی کے دوران اشتعال انگیز نعرے بازے کی تھی، اس دوران مسلمانوں کی  جائیدار اور گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور دن کے اجالے میں مسلمانوں کے گھروں سے نقدی اور زیوارات لوٹ کر لے گئے۔ اسی سے فنڈ جمع کرنے کی مہم کے ناپاک عزائم اجاگر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  جس زمین میں رام مندر تعمیر ہورہا ہے وہ وقف بورڈ کی اراضی ہے اور اسے بلاجواز سپریم کورٹ نے مندر کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت کے ذریعہ قائم کردہ ایک ٹرسٹ کے حوالے کردیا تھا۔ اس زمین میں مندر کی تعمیر ناجائزاور ناقابل قبول ہے۔ یہ بات بھی ناگوار ہے کہ کانگریس پارٹی جو خود کو سیکولر پارٹی ہونے کا دعوی کرتی ہے وہ بھی رام مندر کیلئے چندہ جمع کررہی ہے اور آرایس ایس کے ایجنڈے کا ساتھ دے رہی ہے۔ ہندوستان کے صدر کا رام مندر کیلئے چندہ دینا ہمارے ملک کی سیکولرازم اور جمہوریت کی تضحیک کے سوا کچھ نہیں ہے۔

سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا سماج کو تقسیم کرنے اور مسلمانوں کو ڈرانے کیلئے چندہ جمع کرنے کی مہم کے استعمال کی سختی سے مذمت کرتی ہے اور مندر کے ٹرسٹ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مندر کی تعمیر کے نام پر تشدد اور زبردستی پیسہ لینے کی کاروائی کو ترک کرے اور ملک میں امن و ہم آہنگی برقراررکھے۔ 


Share: